دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے میزبان وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے، جس کے ساتھ 24 سال بعد کرکٹ کا سب سے بڑا ون ڈے ٹورنامنٹ دوبارہ افریقی براعظم میں منعقد ہوگا۔
آئی سی سی کی جانب سے جوہانسبرگ میں منعقدہ تقریب کے دوران ورلڈ کپ 2027 کی آفیشل برانڈنگ "Three Nations, One Heartbeat" بھی پیش کی گئی، جو تینوں میزبان ممالک کے درمیان اتحاد، ثقافتی تنوع اور مشترکہ جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ایڈیشن کے لیے نیا تین مرحلوں پر مشتمل فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد مقابلوں کو مزید دلچسپ اور سنسنی خیز بنانا ہے۔
نئے فارمیٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں عالمی رینکنگ میں 12ویں سے 14ویں نمبر تک موجود تین ٹیمیں سپر سیریز میں مدمقابل ہوں گی، جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرے گی۔
بعد ازاں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں شامل چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیادوں پر ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ دونوں گروپس سے تین، تین بہترین ٹیمیں جبکہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہتر کارکردگی دکھانے والی ایک ٹیم سپر سیون مرحلے میں پہنچے گی۔
سپر سیون مرحلے میں سات ٹیموں کے درمیان 21 مقابلے ہوں گے، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ پہلے سیمی فائنل میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ میزبان شہروں اور ٹورنامنٹ کی برانڈنگ کا اعلان ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں میں ایک اہم مرحلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 سال بعد افریقہ میں ورلڈ کپ کا انعقاد عالمی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی موقع ہے اور انہیں امید ہے کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا ایک یادگار ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 صرف محدود اوورز کی کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ یہ افریقہ کی ثقافت، مہمان نوازی، مختلف روایات اور کھیل سے وابستگی کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق اور موجودہ کھلاڑی گریم اسمتھ، مخایا نتینی، ہاشم آملہ، ٹیمبا باووما اور کاگیسو ربادا سمیت زمبابوے کے ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے روڈولف جانسن وین ووورین بھی شریک ہوئے۔