غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری: مزید 88 فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کر گئی

03:13 PM, 30 Jun, 2025

غزہ : اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے ایک اور ہولناک دن میں کم از کم 88 فلسطینیوں کو شہید اور 365 کو زخمی کر دیا۔ تازہ فضائی حملوں کا نشانہ وہ علاقے بنے جہاں عام شہری بمباری سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے، جن میں پناہ گزین کیمپ، رہائشی مکانات اور خیمہ بستیاں شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق مشرقی غزہ میں امداد کے منتظر شہریوں پر کیے گئے ایک فضائی حملے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ جنوبی شہر رفح میں ایک امدادی مرکز کے قریب بمباری سے پانچ افراد شہید ہو گئے۔ شمالی علاقے جبالیہ میں کئی گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا، اور خان یونس میں ایک خیمہ بستی پر بمباری سے 23 فلسطینیوں کی جان چلی گئی۔

ان مسلسل حملوں کے بعد غزہ میں شہداء کی تعداد 56,500 سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔ بعض ذرائع، جن میں اسرائیلی اخبار ہارٹز بھی شامل ہے، دعویٰ کر رہے ہیں کہ اصل اموات ایک لاکھ سے بھی زائد ہو سکتی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے کئی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا ہے، جن میں جبالیہ، الزيتون، التفاح، الدرج، الصبرہ، معسکر جبالیہ اور کئی دیگر علاقے شامل ہیں۔ ترجمان نے اشارہ دیا ہے کہ کارروائیاں اب وسطی غزہ تک پھیلائی جائیں گی۔

مزیدخبریں