پاکستان میں پرائمری سطح پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تعلیم متعارف کرانے کا اعلان

05:21 PM, 30 Jun, 2025

اسلام آباد:حکومت پاکستان نے تعلیمی شعبے میں ایک انقلابی اقدام کے تحت پرائمری سطح پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی تعلیم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس کے دوران وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ اب ابتدائی تعلیم سے ہی طلبہ کو جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نصاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی شمولیت کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو قومی نصاب کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ رواں سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو عالمی معیار کی آئی ٹی سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی، جس میں گوگل، مائیکروسافٹ اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں بھی شریک ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ وہ یونیورسٹیاں جہاں کے آئی ٹی گریجویٹس کو ملازمتیں نہیں ملتیں، ان کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جانا چاہیے اور ان کی فنڈنگ روکنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں