اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی زندگی اور ریڈ لائن ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 24 کروڑ پاکستانی عوام کی زندگی کی شہ رگ ہے اور پاکستان کو دریائے سندھ کے پانی پر مکمل حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا، تاہم پاکستان ہر صورت اس معاہدے کے تقدس اور اہمیت کا تحفظ کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے پانی صرف قدرتی وسیلہ نہیں بلکہ بقا کا معاملہ ہے، جبکہ زراعت ملکی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور دریائے سندھ زراعت کی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چھ دہائیاں قبل پاکستان اور بھارت نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ کیا، جو دنیا کے کامیاب اور پائیدار آبی معاہدوں میں شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس معاہدے پر مخلصانہ عمل درآمد کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔