پانی روکنے کی کوشش جنگ کے مترادف سمجھی جائے گی، پاکستان اپنے آبی حقوق کا دفاع کرے گا، اسحاق ڈار

06:23 PM, 30 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور سفارتی راستہ اختیار کرے گا، جبکہ دریاؤں اور پانی سے متعلق عالمی معاہدوں کو کمزور یا سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی کسی سیاسی سرحد کا پابند نہیں ہوتا بلکہ انسانی زندگی، امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قانون اور معاہدوں کی خلاف ورزی کے اثرات صرف دو ممالک تک محدود نہیں رہتے بلکہ یہ عالمی نظام کے لیے خطرناک مثال بن سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور اچھے ہمسایہ تعلقات کے عزم پر قائم ہے، تاہم ملک کو اس کے جائز آبی حقوق سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین اثرات ہوں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دریاؤں اور ان کے پانی کا تحفظ پاکستان کے لیے قومی مفاد اور قومی سلامتی کا معاملہ ہے، کیونکہ ملک کی زراعت، غذائی تحفظ اور معیشت کا انحصار دریاؤں کے بہاؤ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کا رخ موڑنے یا اسے روکنے کی کسی بھی کوشش کو پاکستان انتہائی سنجیدگی سے لے گا۔ پاکستان عالمی قوانین، معاہدوں اور سفارتی ذرائع کے ذریعے اپنے مفادات اور حقوق کا تحفظ جاری رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ خطے میں دیرپا امن طاقت یا دھمکی سے نہیں بلکہ باہمی احترام، مذاکرات اور ریاستی خودمختاری کے احترام سے ممکن ہے۔

مزیدخبریں