کاہنہ سانحہ: ریسکیو آپریشن مکمل، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، عظمیٰ بخاری

07:43 PM, 30 Jun, 2026

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر پوری حکومت غمزدہ ہے۔

نیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ واقعے میں 20 بچوں کو محفوظ نکال لیا گیا، جبکہ 18 سے زائد زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کرکے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی بچوں کے والدین بھی اسپتال میں موجود ہیں اور حکومت علاج معالجے کی تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق زیادہ تر بچوں کی اموات دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاہنہ کے ایک رہائشی گھر میں ٹیوشن سینٹر قائم تھا، جہاں بچے ایک خستہ حال کمرے میں تعلیم حاصل کر رہے تھے اور اسی کمرے کی چھت گرنے سے یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کے ذریعے متعدد بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح تمام متاثرہ بچوں کو ریسکیو کرنا اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مسلسل صورتحال کی خود نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ حادثے میں غفلت یا نااہلی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایک ایک بچہ ہمارے لیے قیمتی ہے" اور حکومت اس معاملے میں ہر ضروری ذمہ داری ادا کرے گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ متعلقہ ٹیوشن سینٹر ایک  رہائشی گھر میں قائم تھا اور اس کے انتظامی معاملات میں حکومت کا براہِ راست عمل دخل نہیں تھا، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں