وزیراعلیٰ مریم نواز کی تعلیمی اداروں کے حفاظتی انتظامات کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ہدایت

08:34 PM, 30 Jun, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جائے تاکہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مریم نواز نے کاہنہ سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں اور ریسکیو آپریشن مکمل کرکے 20 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم حادثے میں 14 قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی المناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا، جبکہ سانحے کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

مزیدخبریں