اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں کشمیر، فلسطین اور دیگر عالمی امور پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں طارق فاطمی نے سیکرٹری جنرل کو پاکستان کی سلامتی کونسل میں ترجیحات سے آگاہ کیا اور یو این چارٹر اور امن مشنز میں پاکستان کے دیرینہ عزم کو اجاگر کیا۔
طارق فاطمی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی اور کہا کہ بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر تنازع کے منصفانہ حل کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے فلسطین کے حوالے سے بھی اہم بات کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی عوام کے خلاف ظلم، جبر اور دہشت گردی کی مہم کو ختم کرنے پر پابند کرے۔ طارق فاطمی نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینیوں کو ان کے وطن سے بے دخل کرنے کی کسی بھی تجویز کی بھرپور مخالفت کرنی چاہیے۔
ملاقات میں انہوں نے افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی کو بھی اجاگر کیا اور دہشت گردی کے خلاف اقوامِ متحدہ کی مزید معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ یو این سیکرٹری جنرل نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی فعال شراکت اور عالمی امن و سلامتی کے قیام میں پاکستان کے کردار کو سراہا، ساتھ ہی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی تسلیم کیا۔