وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید میجر سعد بن زبیر کی رہائش گاہ آمد، اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار

12:47 PM, 30 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

 باغ آزاد کشمیر : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر سعد بن زبیر کے اہلخانہ سے تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ باغ آزاد کشمیر میں شہید میجر سعد بن زبیر کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے والد محمد زبیر خان، والدہ، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور جواں سال بیٹے کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے شہید میجر سعد کے اہل خانہ کو دلاسہ دیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے شہید میجر سعد کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ "شہید میجر سعد بن زبیر نے عظیم قربانی دی، قوم ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے۔ میجر سعد جیسے بہادر سپوت ہمارے لئے ناقابل فراموش سرمایہ ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ شہید میجر سعد کے والدین کا حوصلہ قابل ستائش اور فخر کا باعث ہے، اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، میجر سعد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ یاد رہے کہ میجر سعد بن زبیر چند روز قبل ژوب کے علاقے سمبازہ میں شہید ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں