مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور پاکستان کا مصالحتی کردار: صدر زرداری کی زیرِ صدارت آج 'بڑی بیٹھک' ہوگی

11:54 AM, 30 Mar, 2026

اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران، امریکہ و اسرائیل کے درمیان حالیہ فوجی تصادم کے پیشِ نظر پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت آج سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اہم ترین اجلاس میں ملک کی سلامتی اور معاشی استحکام کے حوالے سے بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ایوانِ صدر میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء اور ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت شریک ہوگی۔ اس "بڑی بیٹھک" کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال پر ہونے والی حالیہ پیش رفت اور پاکستان کے مصالحتی کردار کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
 خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات پر غور ہوگا۔ اجلاس میں ملک میں موجود پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور ان کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔
حالیہ عالمی بحران کے ملکی معیشت پر اثرات کو کم کرنے کے لیے شرکاء کو ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر ہنگامی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کا مقصد توانائی کی بچت اور وسائل کا درست استعمال یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی بڑی عالمی بندش کی صورت میں ملک کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں