اسلام آباد: اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے ایک نئی ویڈیو مہم کا آغاز کیا ہے، جس میں نامور اداکارہ اور یونیسف کی قومی سفیر برائے حقوقِ اطفال، صبا قمر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
اس مہم کا مقصد کم عمری کی شادیوں سے جڑے مسائل پر روشنی ڈالنا اور عوام میں اس رواج کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔ صبا قمر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ "شادی غلط نہیں، لیکن کم عمری میں کی گئی شادی بچوں کے مستقبل پر منفی اثر ڈالتی ہے۔
صبا قمر نے سندھ کے ضلع سجاول کے دورے کا ذکر کیا، جہاں انہوں نے 14 سالہ انعم نذیر سے ملاقات کی، جو اپنی کمیونٹی میں تین کم عمری کی شادیوں کو روکنے میں کامیاب رہی۔
یونیسف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال لاکھوں لڑکیاں 18 سال کی عمر سے پہلے شادی کے بندھن میں بندھ جاتی ہیں اور ان میں سے تقریباً نصف نوعمری میں ماں بن جاتی ہیں، جس سے تعلیم اور صحت کے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں۔