کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر 90 دن کی پابندی لگا دی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی عام شہریوں پر لاگو ہوگی، تاہم پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں سیکیورٹی گارڈز کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران اسلحہ کو گاڑی کے اندر محفوظ رکھیں اور عوامی طور پر اس کی نمائش سے گریز کریں۔
اس حکم نامے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو قانونی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے تاکہ حکم پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صوبے میں جرائم کی شرح میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔