دوسرا ٹی 20:پاکستان کی شاندار فتح، بنگلادیش کو 57 رنز سے شکست

11:29 PM, 30 May, 2025

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 57 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔

یہ پاکستان کی 2021 کے بعد ہوم گراؤنڈ پر کسی ٹی20 سیریز میں پہلی کامیابی ہے، جو ٹیم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹاپ اسکورر رہے۔ وہ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔ نوجوان بلے باز حسن نواز نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جب کہ محمد حارث نے 41 اور کپتان سلمان علی آغا نے 19 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 4، شاداب خان 7 اور فہیم اشرف 1 رن بنا سکے۔

بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب اور حسن محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ رشاد حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم صرف 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح پاکستان نے میچ 57 رنز سے جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

مزیدخبریں