واشنگٹن: امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے معاہدے پر فیصلہ نہ ہو سکا، وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ہونے والا اہم اجلاس کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا ہے۔
امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس سچویشن روم میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرِ صدارت 2 گھنٹے تک اہم ترین اجلاس جاری رہا، جس میں ایران کے ساتھ معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا تاہم کوئی بھی فیصلہ نہ کیا جا سکا۔
وائٹ ہاؤس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ صرف اسی معاہدے کو قبول کریں گے جو مکمل طور پر امریکی شرائط پر پورا اترے۔ حکام نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایران کے ساتھ کوئی بھی ڈیل صرف اسی صورت میں ممکن ہے جو امریکی مفادات اور صدر ٹرمپ کی سخت شرائط کے عین مطابق ہو۔