ایئرلائنز کیلئے بڑی خوشخبری، جیٹ فیول کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کی نمایاں کمی

04:53 PM, 30 May, 2026

اسلام آباد :حکومت نے ملک میں کام کرنے والی ایئرلائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ فیول سستا ہونے کے بعد اب ملک بھر میں ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی بڑی کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بڑے طیاروں کے لیے استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کٹوتی کی گئی ہے، جس کے بعد ملک میں جیٹ فیول کی نئی قیمت کم ہو کر 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر کی سطح پر آ گئی ہے۔ اس سے قبل مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کی وجہ سے جیٹ فیول کی قیمتوں کو ریکارڈ بریکنگ 517 روپے فی لیٹر تک بڑھانا پڑا تھا، جس سے فضائی سفر عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اب تک مجموعی طور پر جیٹ فیول کی قیمت میں 283 روپے تک کی بڑی کمی کر چکی ہے تاکہ ہوا بازی کی صنعت کو بحران سے نکالا جا سکے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے سے قبل 28 فروری کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی، جو بعد میں عالمی حالات کی وجہ سے شدید ترین اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ اب قیمتوں میں اس حالیہ بڑی کمی کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایئرلائنز اپنے کرایوں میں کمی کر کے مسافروں کو براہِ راست فائدہ منتقل کریں گی۔

مزیدخبریں