تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے روس اور چین کے بحری جہازوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے والے روسی اور چینی بحری جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قریبی شراکت دار ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں نئی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
ابراہیم عزیزی کے مطابق ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ مشاورتی ملاقاتیں اہم پیش رفت کی حامل رہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ مذاکرات میں افزودہ یورینیم کی منتقلی سے متعلق کوئی بات شامل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورینیم سے متعلق معاملات امریکا کے ساتھ جاری رابطوں کا حصہ بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسیوں کو مسلسل بہتر اور مؤثر بنا رہا ہے۔