بھارتی سکیورٹی اداروں کی بوکھلاہٹ عیاں، پٹاخے چلنے پر بھی ’آئی ایس آئی‘ کا راگ

08:51 PM, 30 May, 2026

نئی دہلی :بھارت میں  داخلی سکیورٹی کی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے ایک بار پھر روایتی حربوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق  بھارتی سکیورٹی اداروں پر پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کا خوف اس حد تک سوار ہو چکا ہے کہ ملک میں پٹاخے چلنے جیسے معمولی نوعیت کے واقعات کا ملبہ بھی فوری طور پر پاکستان پر ڈال دیا جاتا ہے، جو بھارتی حکام کی شدید بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا اور عوامی حلقوں میں اکثر یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ یہ نیٹ ورک ہر جگہ پھیلے ہوئے ہیں، تاہم دفاعی ماہرین اور سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بیانیہ زمینی حقیقت سے زیادہ 'تاثراتی جنگ'  اور سنسنی خیزی پر مبنی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت کے مختلف شہروں میں حالیہ دنوں کے دوران مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی (آئی ایس آئی) اور انڈر ورلڈ سے جڑے عناصر کی گرفتاریوں کے بعد ملکی سکیورٹی اور میڈیا کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واویلا دراصل اپنی اندرونی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ایک منظم کوشش ہے جو اب بھارت کی قومی نفسیات کا حصہ بن چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بھارتی حکام کو بیرونی الزامات کے بجائے اپنے اندرونی حالات پر غور کرنا چاہیے، کیونکہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد میں ملکی انتہا پسند سیاسی قیادت کے خلاف شدید نفرت اور بیزاری جنم لے چکی ہے۔
رپورٹ  کے مطابق دفاعی مبصرین کا ماننا ہے کہ بھارتی میڈیا ہر چھوٹی کارروائی کو ایک بہت بڑے ملک گیر نیٹ ورک کے طور پر پیش کرتا ہے، جس کا مقصد عوام میں سنسنی پھیلانا اور ایک خاص سکیورٹی بیانیہ قائم رکھنا ہوتا ہے۔ اس سیاسی مایوسی کے ساتھ ساتھ معاشی تنگی اور راتوں رات امیر بننے کا لالچ بھی وہ بنیادی عوامل ہیں جو بعض افراد کو چند پیسوں کے عوض ملکی مفادات کے خلاف جانے پر آمادہ کرتے ہیں۔ یہ تمام تر صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ بھارت کو کسی بیرونی خطرے سے زیادہ اپنے ہی اندرونی سیاسی اور معاشی خلفشار کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں