شہید ذوالفقار بھٹو کی سیاسی لہر سے آمریت کی سوچ کا خاتمہ ہوا، بلاول بھٹو زرداری

 شہید ذوالفقار بھٹو کی سیاسی لہر سے آمریت کی سوچ کا خاتمہ ہوا، بلاول بھٹو زرداری

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید ہمارے شہید اور یہ غازی ہمارے غازی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہمارے وزیراعظم نے کہا کہ یہ جنگ ہماری نہیں تھی تو شہدا کے خاندانوں پر کیا گزری ہوگی؟ جب تک ہمارے وزیراعظم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو اپنی جنگ نہیں سمجھیں گے، ملک آگے نہیں بڑھے گا، یہ شہید ہمارے شہید اور یہ غازی ہمارے غازی ہیں۔

سکھر میں پیپلز پارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی لہر پورے ملک میں پھیل گئی اور پاکستان میں ایک نئی سیاسی فکر نے جنم لیا، بھٹو کی سیاسی لہر سے آمریت کی سوچ کا خاتمہ ہوا، پیپلز پارٹی نے سیاسی منشور آج سے 51 سال پہلے دیا، جو اصول پیپلز پارٹی نے دیئے وہ آج بھی اسی طرح مضبوط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار بھٹو کی قیادت میں سیاسی اصول مرتب کئے تھے کہ دین اور سیاست کو الگ الگ رکھا جائے لیکن آمروں نے اپنے سیاسی دور کو طویل کرنے کے لئے مذہب کا سہارا لیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام رواداری اور امن کا مذہب ہے، اس کو دہشت گردی پر بدنام کیا گیا، پاکستان کو اس آگ سے بچائیں جو آگ جو ہمارے اپنوں نے لگائی، انتہا پسندی کی آگ سے پاکستان کو بچانا ہے۔