پاک، انگلینڈ پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز تاخیر سے شروع ہونے کا امکان

پاک، انگلینڈ پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز تاخیر سے شروع ہونے کا امکان

لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک دن تاخیر سے شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں جلد پیش رفت کا امکان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلش سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی طبیعت خراب ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز تاخیر سے شروع کرنے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں شامل 14 افراد بدہضمی کا شکار ہیں جن میں کپتان بین سٹوکس بھی شامل ہیں جبکہ انگلش ٹیم کے پاس 11 فٹ کھلاڑی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے میچ میں ایک روز کی تاخیر ہو سکتی ہے۔ 
یاد رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی طبیعت ناسازی کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ملتوی کی گئی ہے جو اب کل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین سٹوکس اور بابراعظم پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ٹرافی کی رونمائی میں حصہ لیں گے اور تقریب رونمائی کے بعد ٹیسٹ میچ شروع کیا جائے گا۔ 
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق بین سٹوکس سمیت دیگر کھلاڑی طبیعت ناسازی کی وجہ سے آفیشلز و دیگر افراد بھی پنڈی سٹیڈیم نہیں آئے کیونکہ انہیں آرام کی ہدایت کی گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں