کوئٹہ : پاک فوج اور کوئٹہ ڈسٹرکٹ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کوئٹہ کے شولا سپورٹس کمپلیکس میں سائیکل ریس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس ایونٹ میں 5.9 کلومیٹر کی سائیکل ریس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے پُرکشش اور چیلنجنگ راستے پر اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات، تمغے اور سرٹیفکیٹس دیے گئے، اور سب سے کم عمر اور معمر شرکاء کو بھی حوصلہ افزائی کے طور پر انعامات دیے گئے۔ اس ایونٹ میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت کو خاص طور پر سراہا گیا، جو کہ بلوچستان میں خواتین کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔
شرکاء نے بلوچستان میں اس طرح کے صحت مند اور تعمیری ایونٹس کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے ایونٹس خواتین کے لیے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں خواتین کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے اس طرح کے مزید ایونٹس کی ضرورت ہے۔
پاک فوج نے ہمیشہ خواتین کی تعلیم اور معاشرتی ترقی میں کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، اور اس ایونٹ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی گئی ہے۔