کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے 18 ارکان کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں چلتن اور کیچ کے پہاڑی علاقوں میں کی گئیں۔
پہلا آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقے چلتن میں کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس معلومات پر فوری طور پر کارروائی کی۔ دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دوسرا آپریشن ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں ہوا، جہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر حملہ کیا گیا اور 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی مہم کے تحت سرچ آپریشن جاری ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چلتن اور بلیدہ میں ہونے والی کارروائیوں میں دہشت گردوں کی ہلاکتوں کو سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیابی کو بھارت کی پراکسی فتنہ الخوارج کے عزائم کے خلاف فیصلہ کن ضرب قرار دیا۔