مسقط: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان کے رائل منسٹر جنرل سلطان بن محمد ال نعمانی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک عمان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستانی شہریوں کے ویزا مسائل حل کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاک عمان تعلقات کی مزید مضبوطی یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ "پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، اور عمان میں لاکھوں پاکستانی برسر روزگار ہیں، جو کہ عمان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ ویزا کے معاملات میں آسانیاں پیدا کرنے سے سکلڈ پاکستانی ورک فورس عمان جا سکے گی، اور اس طرح دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
عمانی رائل منسٹر جنرل سلطان بن محمد ال نعمانی نے پاکستان اور عمان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔