چین کی جانب سے پاکستانی خلا باز کو مختصر مدت کے خلائی مشن پر بھیجنے کا اعلان

02:17 PM, 30 Oct, 2025

اسلام آباد: چین کی انسانی خلائی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ دو پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو چین کے خلائی سٹیشن "تیانگ گونگ" پر مختصر مدت کے مشن پر بھیجا جائے گا۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق، پاکستانی خلا بازوں کو پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر منتخب کیا جائے گا اور وہ مختصر دورانیے کے خلائی مشن میں حصہ لیں گے۔ یہ معاہدہ رواں برس فروری میں طے پایا تھا، اور اس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب کا عمل 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس شراکت داری کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

تیانگ گونگ، جو کہ چین کا خلائی سٹیشن ہے، اس کا مطلب "آسمانی محل" ہے۔ اس مشن کے دوران مختلف سائنسی تجربات کیے جائیں گے، جن میں حیاتیاتی و طبی سائنس، ایرو اسپیس، فزکس، فلوئیڈ میکینکس، خلائی شعاعیں، مٹیریلز سائنس، مائیکرو گریویٹی سٹڈیز اور فلکیات شامل ہوں گے۔

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی کا غماز ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے پر اپنے بیان میں کہا کہ "پاکستان کی چین کے خلائی سٹیشن پروگرام میں شمولیت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی علامت ہے اور یہ باہمی سائنسی تعاون اور پرامن خلائی تحقیق کے وسیع تر وژن میں اہم کردار ادا کرے گا۔"

پاکستان اور چین کے مابین خلائی تعاون حالیہ برسوں میں بڑھا ہے، اور پاکستان کے کئی سیٹلائٹس چین کی مختلف لانچنگ سائٹس سے خلا میں روانہ کیے جا چکے ہیں۔ تاہم، پاکستان کے سیٹلائٹس ابھی تک زمین کے قریب مدار تک محدود ہیں اور چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی ترقی میں مزید نیا جوش آئے گا۔

سپارکو کے مطابق، "چین کے خلائی مشن میں پاکستانی خلا بازوں کی شمولیت پاکستان کی خلائی ترقی کو سائنسی اور تکنیکی میدان میں مزید آگے لے جائے گی۔

مزیدخبریں