راولپنڈی: نادرا نے عدالتی حکم پربانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان اور دیگر 10 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ تاہم علیمہ خان اور ان کے وکلا ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت میں موجود دیگر ملزمان اور استغاثہ کے گواہان نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے، جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ بھی اپنے ٹیم کے ساتھ عدالت میں موجود تھے۔ علیمہ خان کی مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے چھٹی مرتبہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
نادرا نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ عدالتی حکم کے تحت بلاک کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، 26 نومبر کے احتجاج میں گاڑی کی سپرداری لینے والے ملزم عارف خان کی طرف سے مچلکے پیش نہ کرنے پر عدالت نے گاڑی کے مالک عارف کو جیل بھیج دیا۔