سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والوں کی شناخت کے لیے تحقیقات کی ہدایت ، تحقیقاتی کمیٹی 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے

04:43 PM, 30 Oct, 2025

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت اور جاری اصلاحات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایف بی آر اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں جاری اصلاحات کی تعریف کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ڈیجیٹل نظام میں متعدد محفوظ اقدامات شامل ہیں، جیسے آڈٹ والٹ، ڈیٹابیس پروٹیکشن وال، سیکیورٹی آپریشن سینٹر اور مستقل نگرانی، جس سے ٹیکس فراڈ ممکن نہیں ہوگا۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2018-2019 میں متروک نظام کی وجہ سے سیلز ٹیکس فراڈ ہوا، اور وزیراعظم نے بین الاقوامی کنسلٹنسی فرم سے فارنزک آڈٹ کروانے کا حکم دیا۔

وزیر اعظم نے تحقیقات میں شناخت ہونے والے مجرمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور ایف بی آر کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

مزیدخبریں