اسلام آ باد/نئی دہلی:پاکستان کے خلاف مسلسل منفی پراپیگنڈا کرنے والے بھارتی میڈیا کی ایک اور جھوٹی مہم کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے حقائق پر مبنی وضاحت جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی خاتون پائلٹ شیوَانگی سنگھ کو گرفتار نہیں کیا۔
بھارتی ٹی وی چینل ریپبلک ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے شیوانگی سنگھ کو حراست میں لے لیا ہے اور بھارتی صدر کے ساتھ ان کی تصاویر نشر کر کے من گھڑت بیانیہ بنایا گیا۔ وزارت کے مطابق یہ دعویٰ سراسر جھوٹ اور فریب پر مبنی تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے 11 مئی 2025 کی پریس کانفرنس میں بھی واضح کیا تھا کہ پاکستان کی تحویل میں کوئی بھارتی پائلٹ موجود نہیں ہے اور تمام رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارتی پروپیگنڈا مشینری اپنی اندرونی اور عسکری ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ اور فریب کا سہارا لے رہی ہے، اور اس سے قبل بھی متعدد جعلی اور مضحکہ خیز رپورٹس شائع کر چکی ہے۔