ملک کی ترقی کے لیے نظام سے ٹکرانا ہوگا، پاکستان کو مزید صوبوں کی ضرورت ہے: میاں عامر محمود

03:46 PM, 30 Sep, 2025

ملتان:چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک موجودہ نظام سے ٹکر نہ لی جائے۔ وہ یونیورسٹی آف سدرن پنجاب، ملتان میں طلبہ سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قیادت عموماً مڈل کلاس سے ابھرتی ہے، لیکن پاکستان میں ایسا نظام ہی موجود نہیں جو درمیانے طبقے کو آگے آنے دے۔

"ہمارے ہاں تمام لیڈرز ایک ہی مخصوص طبقے اور راستے سے آتے ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں ہو سکی۔"
میاں عامر محمود نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف ادوار میں کئی حکومتیں آئیں، مارشل لا بھی لگے، لیکن عوام کی حالت جوں کی توں رہی بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ مسائل مزید گھمبیر ہوتے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں زیادہ صوبے بنائے جائیں تو اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے اور زیادہ افراد کو میرٹ پر آگے آنے کا موقع ملے گا۔

"ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کم از کم 33 صوبے ہوں تاکہ عام آدمی بھی بااختیار ہو سکے۔"تقریب میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، اور میاں عامر محمود کے خیالات کو سنجیدگی سے سنا گیا۔

مزیدخبریں