ریکوڈک معاہدہ شفاف طریقے سے طے پایا، این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں کی مشاورت سے ہوگا: اعظم نذیر تارڑ

07:36 PM, 30 Sep, 2025


اسلام آباد : وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ مکمل شفافیت سے طے پایا، اور اس منصوبے پر پہلا حق بلوچستان کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں کی مشاورت سے طے کیا جائے گا تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری قیادت نے جمہوریت کی بقا کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے سینیٹر رانا ثناء اللہ کو سینیٹ کا حصہ بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

بین الاقوامی تعلقات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سعودی عرب کا امت مسلمہ میں کلیدی کردار ہے اور پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع کے لیے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دوست ممالک سے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

فلسطینی مسئلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ معاملہ اب حل کی جانب بڑھ رہا ہے، اور فلسطین نے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا، جس سے پاکستان کو سفارتی سطح پر بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی کردار کی پذیرائی ہو رہی ہے، جبکہ بھارت کو عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں