شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن آنے والے افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن آنے والے افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر یکم ستمبر سے شہر کے تمام شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر آفس لاہور میں کورونا وبا کے پیش نظر اہم اجلاس ہوا جس میں کوویڈ ایس اوپیز اور ویکسی نیشن کے حوالے سے سختی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران لاہور میں تھانہ سطح پر انفورسمنٹ کمیٹیاں فعال کرنے، ان ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی جبکہ آؤٹ ڈور میں بھی مقررہ تعداد کو چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمشنر لاہور نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا سامنا ہے اور لوگوں کی غفلت سے یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر سے انتظامیہ اور پولیس فلیگ مارچ کے دوران ہر جگہ چیکنگ کرے گی اور ویکسین نہ لگوانے والے شہری کو شہر میں کوئی سروس فراہم نہیں اور انہیں ٹرانسپورٹ، فیول اور ریسٹورنٹس میں سروسز کی فراہمی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔ 
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ دکان، مارکیٹ یا شاپنگ مال پر آنے والے ہر شہری کی ویکسی نیشن چیک کی جائے گی اور شاپنگ مالز میں گاہکوں کا داخلہ ویکسی نیشن سے مشروط ہو گا اور ایسے افراد جنہیں ویکسین نہیں لگی ہو گی، گرفتار کرلیا جائے گا۔