حکومت بنانا افغان عوام کا حق ہے، پاکستان مدد کیلئے تیار ہے: فواد چودھری

04:21 PM, 31 Aug, 2021

اسلام آباد : وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کابینہ نے افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ افغانستان سے آج غیرملکی افواج کا انخلا مکمل ہوچکا ہے۔ وہاں 40 سال سے لوگ مصیب کا شکار ہیں۔ پاکستان افغان عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔ 

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان میں حکومت بنانا افغان عوام کا حق ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے مستحکم نظام حکومت افغانستان کو دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے دکھوں میں کمی کیلئے جو کچھ کرسکتا ہے وہ کرے گا۔ پی آئی اے واحد ایئرلائن ہے جو مزار شریف میں امداد لے کر اتری ہے۔ امید ہے افغان عوام اب سکھ کا سانس لیں گے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ادارے بھی افغان عوام کو مدد دے رہے ہیں۔ افغان عوام کو پیغام ہے، آپ کے ملک میں امن و استحکام کے لئے پاکستان بھی حاضر ہیں.

مزیدخبریں