سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے اعلان پر امریکی حکومت کے مشکور ہیں: وزیراعظم

12:55 PM, 31 Aug, 2022

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا کیلئے بھی 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امداد کے اعلان پر امریکی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ سانحہ بہت بڑا ہے جس میں لاکھوں لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں، دنیا بھر میں موجود اپنے دوستوں کی ضرورت ہے جو دکھی انسانیت کی مدد کریں، دوست ممالک سے دن رات جہاز امدادی سامان لے کر آ رہے ہیں جس کیلئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب مل کر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کام کر رہے ہیں، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے سڑکوں کی بحالی کے کام میں مصروف ہے، سیاحوں کو ریسکیو کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر مہیا کرنے پر آرمی چیف کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف ڈبلیو او کو ٹوٹی سڑکوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کر دی ہے جس کی نگرانی میں خود کروں گا جبکہ وفاقی حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کیلئے بھی 28 ارب روپے مہیا کئے ہیں، اور ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سندھ کیلئے 15 ارب روپے کی امداد کا اعلان ہے اور بلوچستان کیلئے 10 ارب روپے کا اعلان کیا ہے اور اب میں خیبرپختونخوا کیلئے بھی 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کرتا ہوں۔

مزیدخبریں