ریاض : سعودی عرب کے جنوبی مغربی علاقے اسیر میں اچانک شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ طوفانی بارشوں کی وجہ سے کئی گاڑیاں بہہ گئیں اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
نیشنل سینٹر برائے موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے کم از کم 10 علاقوں میں مزید شدید بارشیں، تیز ہوائیں، آندھیاں اور سیلاب کا امکان ہے۔ خاص طور پر نجران، جازان، اسیر، الباحہ، مکہ اور مدینہ میں صورتحال نازک بنتی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ان علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، اور بعض جگہوں پر گرد و غبار اور ریت کے طوفان بھی پیدا ہو سکتے ہیں، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہو سکتی ہے۔
سرکاری حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خطرناک جگہوں سے دور رہیں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔