سیلز فورس کلاؤڈ میں دراندازی کے بعد گوگل اکاؤنٹس خطرے میں

05:41 PM, 31 Aug, 2025

 کیلیفورنیا : امریکا کی ریاست کیلیفورنیا سے جاری رپورٹس کے مطابق گوگل نے اپنے جی میل اور کلاؤڈ استعمال کرنے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ ایک خطرناک ہیکرز گروہ نے وسیع پیمانے پر ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ سائبر کارروائیاں سیلز فورس کے کلاؤڈ سسٹم میں کمزوری سامنے آنے کے بعد شروع ہوئیں، جس کے نتیجے میں گوگل کے صارفین بھی خطرے میں آگئے۔ جی میل اور گوگل کلاؤڈ کو دنیا بھر میں تقریباً ڈھائی ارب لوگ استعمال کرتے ہیں، اس لیے یہ حملے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔

گوگل نے اپنے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اکاؤنٹس پر نظر رکھیں، کسی بھی مشکوک ای میل یا لاگ اِن کی اطلاع کو نظرانداز نہ کریں اور پاس ورڈز کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

یاد رہے کہ گوگل کے سکیورٹی ماہرین نے جون میں ان حملوں کے امکانات ظاہر کیے تھے جبکہ اگست میں یہ بات سامنے آئی کہ کئی صارفین کے پاس ورڈز لیک ہونے کی وجہ سے ہیکرز کو کامیابی بھی ملی۔

مزیدخبریں