کنگ چارلس رواں ہفتے پاکستانی کرکٹرز سے ملاقات کریں گے

12:57 PM, 31 Aug, 2026

لندن : پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی رواں ہفتے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سے ملاقات متوقع ہے۔ بکنگھم پیلس کے مطابق یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ پروگرام کا حصہ ہے اور اس کا حالیہ کرکٹ تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کھلاڑی کنگ چارلس سے کلیرنس ہاؤس کے باغات میں ملاقات کریں گے، جو تقریباً 15 منٹ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک تنازع سامنے آیا۔ لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران سکائی سپورٹس نے سابق پاکستانی کپتان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان، کا انٹرویو نشر کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز جاری رکھنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور دوسرے ٹیسٹ کے دوبارہ آغاز کے ساتھ ساتھ تین میچوں کی سیریز ختم کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔

صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے برطانوی حکومت کے متعلقہ حکام سے رہنمائی حاصل کی۔ تاہم بکنگھم پیلس نے واضح کیا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کنگ چارلس کی ملاقات پہلے ہی شیڈول تھی اور اس کا حالیہ معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان نے اپنے 21 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے دوران پاکستان کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔

مزیدخبریں