امریکہ : معروف امریکی موسیقار اور گلوکارہ بلی آئلش کے بھائی فنیاس اوکونل نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ، اداکارہ اور یوٹیوبر کلاڈیا سولیوسکی کے ساتھ شادی کرلی۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب ہفتے کے روز امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا باربرا میں واقع سان یسیدرو رینچ میں منعقد ہوئی، جہاں موسیقی اور شوبز سے وابستہ متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا ایک خاص لمحہ اس وقت آیا جب بلی آئلش نے اپنے بھائی کی شادی کی تقریب کی میزبانی اور شادی کی رسومات کی انجام دہی میں کردار ادا کیا۔ تقریب میں جسٹن بیبر اور ان کی اہلیہ ہیلی بیبر کے علاوہ کرسٹن بیل، نینا ڈوبریو اور ایما چیمبرلین سمیت کئی معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔
شادی سے قبل لباس کی فٹنگ کے دوران بلی آئلش نے کلاڈیا سولیوسکی کو عروسی لباس میں دیکھا تو وہ جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے اپنی ہونے والی بھابھی کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’فرشتے جیسا خوبصورت‘ قرار دیا۔
فنیاس اوکونل اور کلاڈیا سولیوسکی کی ملاقات 2018 میں ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی۔ فنیاس پہلی ملاقات ہی سے کلاڈیا سے متاثر ہوگئے تھے اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ملاقات کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کے نام پر ’کلوڈیا‘ کے عنوان سے ایک گانا بھی لکھا تھا۔
دونوں نے کئی برس تک ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے بعد اب اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔