واشنگٹن: پیو ریسرچ سینٹر کے تازہ عالمی سروے کے مطابق بھارت کے بارے میں امریکی عوام کی رائے میں نمایاں منفی تبدیلی آئی ہے۔ سروے میں 50 فیصد امریکیوں نے بھارت کے بارے میں ناموافق رائے کا اظہار کیا، جبکہ 45 فیصد نے بھارت کو موافق قرار دیا۔ پیو کے مطابق یہ شرحیں 2008 کے بعد بھارت کے لیے امریکا میں کم ترین سطحوں میں شامل ہیں۔
پیو ریسرچ کے مطابق 36 ممالک میں بھارت کے بارے میں مجموعی طور پر 45 فیصد افراد نے مثبت جبکہ 41 فیصد نے منفی رائے کا اظہار کیا۔ امریکا میں نوجوانوں اور ریپبلکن ووٹرز میں بھارت کے بارے میں ناموافق رائے نسبتاً زیادہ پائی گئی۔
وال اسٹریٹ جرنل نے بھی بھارت کے عالمی امیج سے متعلق ایک تجزیے میں ہندو قوم پرستی اور بھارت کے زہریلے آن لائن کلچر کو ملک کے تشخص کے لیے چیلنج قرار دیا ہے۔ اخبار کے مطابق بھارت کی عالمی ساکھ میں تبدیلی امریکا سمیت اہم ممالک کے ساتھ اس کے تعلقات پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
تاہم سروے کے اعداد و شمار کو ان کے مکمل سیاق و سباق میں دیکھنا ضروری ہے، کیونکہ مختلف ممالک میں بھارت کے بارے میں عوامی رائے میں نمایاں فرق موجود ہے۔