راولپنڈی: ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر پاک ترک دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ ’’دو دل، ایک جان‘‘ جاری کردیا۔
اردو اور ترک زبان میں پیش کیے گئے نغمے میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال دوستی، بھائی چارے، مشترکہ ثقافت اور باہمی محبت کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے کی موسیقی علی مصطفیٰ نے تیار کی، جبکہ کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر کی ہے۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آوازوں سے سجایا ہے۔
نغمے میں اردو اور ترک زبان کے ساتھ روایتی سازوں کا حسین امتزاج بھی شامل ہے۔ اس خصوصی پیشکش کے تمام گائیک اور فنکار پاکستانی ہیں۔
’’دو دل، ایک جان‘‘ میں پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ اقدار اور دونوں برادر ممالک کے درمیان گہری دوستی، محبت اور بھائی چارے کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔