وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ اور مسافروں سے گفتگو

12:46 PM, 31 Jan, 2026

کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر عملے کی کارکردگی اور مسافروں کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان سے امیگریشن پراسیس کے دوران پیش آنے والے مسائل اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔
مسافروں اور حکام سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے واضح پالیسی بیان جاری کیا ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جن مسافروں کے پاس تمام درست اور قانونی دستاویزات موجود ہیں، انہیں سفر سے نہ روکا گیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں روکا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نامکمل یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل کسی بھی شخص کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے امیگریشن کے عمل کو مزید آسان اور تیز رفتار بنایا جائے تاکہ مسافروں کو طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بچایا جا سکے، تاہم سیکیورٹی اور دستاویزات کی جانچ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں