گوگل سرچ میں انقلاب: جیمنائی 3 پر مبنی جدید اے آئی فیچرز متعارف، اب سرچ انجن بنے گا اسسٹنٹ

04:40 PM, 31 Jan, 2026

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے نام 'گوگل' نے اپنے سرچ انجن میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اسے جدید ترین جیمنائی 3 (Gemini 3) ماڈل سے لیس کر دیا ہے۔ اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد اب گوگل محض ویب سائٹس کے لنکس دکھانے والا انجن نہیں رہا، بلکہ ایک ذہین اے آئی اسسٹنٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
اب صارفین کو اپنے سوالات کے جواب میں بکھری ہوئی معلومات کے بجائے ایک مربوط اور تفصیلی خلاصہ ملے گا، جو جیمنائی 3 کی مدد سے تیار کیا جائے گا۔ گوگل نے سرچ میں ایک نئی چیٹ ونڈو شامل کی ہے جہاں صارفین اپنے پہلے سوال سے متعلق مزید ذیلی سوالات پوچھ سکیں گے۔ اس سے معلومات کی تلاش ایک مسلسل گفتگو کی شکل اختیار کر لے گی۔اب صارفین کو مخصوص الفاظ یا 'کی ورڈز' ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ وہ قدرتی انسانی انداز میں طویل جملے لکھ کر بھی درست معلومات حاصل کر سکیں گے۔
گوگل کے مطابق، اس فیچر کی طویل عرصہ سے آزمائش جاری تھی اور اب اسے باقاعدہ طور پر عالمی سطح پر تمام موبائل صارفین کے لیے لانچ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد سرچ کے تجربے کو انسانی گفتگو کے قریب تر اور زیادہ مؤثر بنانا ہے۔
اس اقدام سے جہاں صارفین کو معلومات تک فوری رسائی ملے گی، وہی یہ گوگل اور دیگر اے آئی کمپنیوں کے درمیان جاری ٹیکنالوجی کی جنگ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں