پشاور : خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن آج ہونا تھا، مگر پولنگ کا عمل ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہنی تھی، لیکن مقررہ وقت پر یہ عمل شروع نہیں ہو سکا۔
الیکشن کے مطابق، سینیٹ کی یہ نشست سابق سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل 145 ارکان ہیں، جن میں سے پی ٹی آئی کے اراکین کی تعداد 92، جبکہ اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 53 ہے۔ مسلم لیگ ن، جے یو آئی، پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی نمائندگی بھی اسمبلی میں موجود ہے۔
ضمنی الیکشن میں 5 خواتین امیدوار میدان میں ہیں، اور الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ اس ضمن میں، الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشن پر موبائل فونز لے جانے پر پابندی عائد کی ہے تاکہ ووٹوں کی رازداری کی حفاظت کی جا سکے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پولنگ میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے، تاہم سیاسی حلقوں میں اس تاخیر کو لے کر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔