مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع پونچھ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پونچھ کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے اور گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کی عزت پامال کی اور بزرگوں پر تشدد کیا۔
رپورٹس کے مطابق، بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے دو نہتے نوجوان موقع پر شہید ہو گئے۔ بھارتی قابض انتظامیہ نے شہید نوجوانوں کو مسلح عسکریت پسند ظاہر کرنے کی کوشش کی اور واقعے کو فائرنگ کا مقابلہ قرار دیا۔
انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے، فوج نے نوجوانوں کی لاشیں اہل خانہ کو دینے کی بجائے پولیس کے حوالے کر دیں، جس کی وجہ سے اہل خانہ کو اپنے پیاروں کی لاشیں حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل ضلع اننت ناگ میں بھی بھارتی فوج نے تین کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر دیا تھا، جس سے مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔