لاہور: پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ قصور، شیخوپورہ، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی موسلادھار بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ادھر ستلج دریا میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جب کہ لیہ میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں۔ سیلابی ریلوں سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق ایبٹ آباد میں بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ ادارے کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مون سون سیزن میں ملک بھر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 289 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 136 بچے، 102 مرد اور 51 خواتین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 158 ہوئیں، خیبر پختونخوا میں 64، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 9، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاط برتنے، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔