مظفرآباد: تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما اور آزاد جموں و کشمیر کے بانی صدر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی آج پورے احترام اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ کشمیری عوام ان کی تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
سردار محمد ابراہیم خان نے 24 اکتوبر 1947 کو آزاد کشمیر میں حکومت کی بنیاد رکھی۔ ان کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو ڈوگرہ راج کی غلامی سے نجات دلانا اور کشمیر کو پاکستان کے ساتھ الحاق کی راہ پر گامزن کرنا تھا۔ ان کی رہائش گاہ پر 19 جولائی 1947 کو "قراردادِ الحاقِ پاکستان" بھی منظور کی گئی تھی، جو تحریکِ آزادی کشمیر کا سنگِ میل ثابت ہوئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان کی زندگی اصولوں اور قربانیوں کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی صدر نے ہمیشہ اپنے نظریے پر ڈٹے رہے اور کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ اُن کا کردار تحریکِ آزادی کشمیر کا لازمی اور روشن باب ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قومی تحریکیں صرف بندوق یا تقریر سے کامیاب نہیں ہوتیں بلکہ ان میں قیادت کی بصیرت، عوامی تائید اور اصولی موقف بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور غازی ملت نے ہر محاذ پر قیادت کا بھرپور ثبوت دیا۔