آسٹریلیا : 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد

04:30 PM, 31 Jul, 2025

سڈنی : آسٹریلوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی میں اب ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

نومبر 2024 میں بنائے گئے قوانین میں یوٹیوب کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا، مگر اب حکومت نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو سٹریمنگ بھی اس قانون کے تحت محدود ہو گی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، یہ پابندی دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگی، جس کے تحت ٹک ٹاک، انسٹاگرام، فیس بک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور سنیپ چیٹ سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر 16 سال سے کم عمر افراد کا اکاؤنٹ بنانا اور سوشل میڈیا استعمال کرنا ممنوع ہو جائے گا۔

یوٹیوب پر اب 16 سال سے کم عمر افراد ویڈیوز دیکھ سکیں گے لیکن وہ اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے، نہ ہی مواد اپلوڈ یا ویڈیوز پر تبصرہ کر سکیں گے۔

یوٹیوب نے اس پابندی پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں بلکہ ویڈیو سٹریمنگ سروس ہے، تاہم آسٹریلوی حکومت نے اسے بھی پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ یوٹیوب نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے بات چیت جاری رکھے گا اور آئندہ اقدامات پر غور کرے گا۔

یہ قانون دنیا بھر میں خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، ناروے نے بھی اسی نوعیت کی پابندی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ برطانیہ بھی اس پر غور کر رہا ہے۔ پاکستان میں بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کی تجویز زیر غور ہے اور پارلیمانی کمیٹیاں اس پر کام کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں