اویس لغاری کی کارکردگی پر وزیراعظم کی شاباش، توانائی اصلاحات سے قوم کو 3 کھرب روپے کا فائدہ

12:57 PM, 31 Jul, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوششوں سے توانائی شعبے میں اہم اصلاحات ہوئیں، جن سے قوم کو 3 کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

وزیراعظم نے اویس لغاری کو زبانی شاباش دینے کے ساتھ ساتھ خصوصی تحریری خط بھی لکھا، جس میں ان کی محنت اور کارکردگی کو سراہا گیا۔

شہباز شریف کے مطابق، اویس لغاری نے 780 ارب روپے کے گردشی قرضوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ 35 پرانے آئی پی پیز (بجلی گھر) معاہدوں کو ختم کر کے نئے اور بہتر شرائط پر معاہدے طے کیے گئے۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں 6 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے مکمل طور پر ختم کر دیے گئے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ان اقدامات کے باعث عوام کو فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 8 روپے 35 پیسے کی کمی کا ریلیف ملا، جو ملک کی تاریخ کا ایک بڑا اقدام ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اویس لغاری اور ان کی ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے سے کام کرتی رہے گی، تاکہ توانائی کے شعبے میں مزید بہتری آئے اور ملک کی معاشی صورتحال مستحکم ہو۔

مزیدخبریں