کراچی: صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے اور ان پر 25 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ کراچی کی رہائشی مہرین زہرہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سنایا گیا۔ محتسب کے مطابق مونس علوی پر لگایا گیا الزام درست ثابت ہوا، اس لیے انہیں فوری طور پر عہدے سے برطرف کیا جائے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رواں ماہ ہی مونس علوی کو دوبارہ 30 جولائی 2025 سے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ بورڈ نے 7 جولائی کو اس تقرری کی منظوری دی تھی۔
مونس علوی 2008 سے کے الیکٹرک کا حصہ ہیں اور سی ای او بننے سے پہلے وہ کمپنی میں چیف فنانشل آفیسر، کمپنی سیکرٹری اور ہیڈ آف ٹریژری جیسے اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔