کیلیفورنیا:دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر پیش کیا ہے، جس کے ذریعے مسڈ کالز پر یاد دہانی (ریماینڈر) لگائی جا سکے گی تاکہ بعد میں کال کرنا آسان ہو جائے۔
یہ سہولت فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے چند اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہے۔ اس فیچر کے تحت جس چیٹ میں کال مس ہوئی ہو، وہاں ایک نیا آپشن نظر آئے گا جس سے ریمائنڈر سیٹ کیا جا سکتا ہے۔
مزید برآں، کالز کے سیکشن میں جا کر بھی کسی بھی چھوٹی ہوئی کال پر یاد دہانی مقرر کی جا سکتی ہے۔ واٹس ایپ مختلف یاد دہانی کے اوقات دیتا ہے، جیسے 2 گھنٹے، 8 گھنٹے یا اگلے دن، اور صارف اپنی سہولت کے مطابق مخصوص تاریخ اور وقت بھی منتخب کر سکتا ہے۔
یاد دہانی کا نوٹیفکیشن صرف صارف کے فون پر محفوظ اور مکمل طور پر نجی رکھا جاتا ہے، جس سے بعد میں کال کرنا نہ بھولنے میں مدد ملتی ہے۔
واٹس ایپ نے اپنی کیمرہ فیچر میں ’نائٹ موڈ‘ بھی شامل کیا ہے، جو کم روشنی میں بغیر کسی اضافی فلٹر یا فلیش کے تصاویر کو زیادہ واضح اور روشن بناتا ہے، جس سے صارفین کو بہترین فوٹوگرافی کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔
یہ نئے فیچرز ابھی صرف بیٹا ورژن میں دستیاب ہیں، اور جلد ہی تمام صارفین کے لیے ریلیز کیے جائیں گے۔