ثاقب چدھڑ نے رابطے کی کئی بار کوشش کی ,عروبہ مرزا کا دعویٰ

09:36 AM, 31 Jul, 2026

لاہور: اداکارہ عروبہ مرزا نے سوشل میڈیا پر مبینہ انسٹاگرام چیٹس کے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ نے ان سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی۔

اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں انہوں نے مبینہ پیغامات شیئر کیے، جن میں گفتگو شروع کرنے اور سنیپ چیٹ پر رابطہ جاری رکھنے کی درخواستیں نظر آتی ہیں۔ عروبہ مرزا نے پوسٹ کے ساتھ لکھا، "مومنہ اقبال، سیدہ طوبیٰ اور اب میں بھی۔"

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی اداکاراؤں مومنہ اقبال اور سیدہ طوبیٰ سے متعلق الزامات کے باعث خبروں میں ہیں۔ مومنہ اقبال نے ان کے خلاف سائبر سٹاکنگ، ہراسانی، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا رکھا ہے، جس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کر رہی ہے۔

مومنہ اقبال کا کہنا ہے کہ وہ انصاف کی خواہاں ہیں اور مقدمے میں کسی بھی قسم کے سمجھوتے کی خبروں کی تردید کر چکی ہیں۔ دوسری جانب عروبہ مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے مبینہ پیغامات کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث مزید تیز ہو گئی ہے، تاہم تمام الزامات تاحال قانونی کارروائی اور عدالتی عمل کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں