کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں میں تین افراد جاں بحق جبکہ چار سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ،بارشوں کے نتیجے میں گوادر، قلعہ عبداللہ اور ژوب میں تباہی ہوئی جبکہ مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے چمن میں بھی 4 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئ جن کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔بارشوں سے بولان ندی میں شدید طغیانی ہوئی جبکہ پنجرہ پل کے مقام پر عارضی پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کے باعث زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔
اس کے عالاوہ پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ،خوشاب کے نواحی گاؤں ڈھاک تلوکر میں موسلا دھار طوفانی بارش اور ژالہ باری نے کھڑی فصلیں تباہ کردیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو بھی مختلف علاقوں میں تیز بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہ سکتا ہے۔