لاہور : لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (LESCO) کے زیرِ سایہ بجلی صارفین کے لیے ایک نیا عذاب کھڑا کر دیا گیا ہے۔ لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نئے کنکشن کے حصول کے لیے فیسوں میں ہوش ربا اضافہ منظور کر لیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، نئے کنکشن کے لیے صارفین کو اب بھاری رقم جیب سے ادا کرنی ہوگی۔ اضافے کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔ پہلے ایک نئے میٹر کے لیے صارف کو محض 6,400 روپے جمع کرانا ہوتے تھے، تاہم اب یہ رقم بڑھا کر 21,300 روپے کر دی گئی ہے۔ نئے میٹر اور ضروری کیبل کی مد میں صارف کو اب 17,700 روپے کے چارجز ادا کرنے ہوں گے۔
مذکورہ بالا اخراجات کے علاوہ، 3,660 روپے سکیورٹی چارجز کی مد میں الگ سے جمع کرانا لازمی قرار دیے گئے ہیں۔مہنگائی کے اس دور میں لیسکو کے اس فیصلے نے شہریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی کے بھاری بلوں نے جینا محال کر رکھا تھا اور اب نیا کنکشن لگوانا بھی ایک عام آدمی کے بس سے باہر کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد لاہور اور گردونواح میں نئے میٹرز کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیسکو حکام کا موقف ہے کہ یہ اضافہ بڑھتے ہوئے انتظامی اخراجات اور سامان کی قیمتوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
لاہور کے بجلی صارفین پر 'مہنگائی بم' گرا دیا گیا: لیسکو نے نئے کنکشن کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا
02:54 PM, 31 Mar, 2026